شاہد آفریدی سے ملاقات کی پرانی تصویر وائرل ہونے پر اجے دیوگن کو تنقید کا سامنا

سابق پاکستانی کپتان اور مایہ ناز کرکٹر شاہد آفریدی کے ساتھ اجے دیوگن کی پرانی تصویر انٹرنیٹ پر وائرل ہونے کے بعد بھارتی اداکار کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔

‘مشابل انڈیا’ ویب سائٹ کے مطابق، سوشل میڈیا پر اجے دیوگن کی شاہد آفریدی کے ساتھ خوشگوار موڈ میں لی گئی تصویر سامنے آنے کے بعد ان کی حب الوطنی پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

متعدد صارفین نے اجے دیوگن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایسے فنکاروں کی وطن سے وابستگی صرف میڈیا تک محدود ہے۔

سوشل میڈیا پر تبصرے کرتے ہوئے لوگوں نے لکھا کہ ایک بھارتی اداکار کا پاکستان کے کرکٹر، جو اکثر بھارت مخالف بیانات دیتے ہیں، کے ساتھ مسکرا کر ملنا کئی شکوک و شبہات کو جنم دیتا ہے۔

بعض صارفین نے الزام لگایا کہ اجے دیوگن جیسے لوگ نہ عوام کا خیال رکھتے ہیں اور نہ ملک کی عزت کی پرواہ کرتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ وہ بھارت کے مخالف سمجھے جانے والے افراد سے بے تکلفی سے ملتے ہیں۔

جہاں ایک طرف اجے دیوگن کو بغیر تحقیق تنقید کا نشانہ بنایا گیا، وہیں کچھ صارفین نے وضاحت دی کہ یہ تصویر حالیہ نہیں بلکہ کچھ عرصہ پرانی ہے۔

متعدد سوشل میڈیا صارفین کے مطابق، یہ تصویر دراصل 2024 میں ہونے والی ایک ملاقات کی ہے۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ اجے دیوگن اور شاہد آفریدی کی یہ تصویر برمنگھم میں ہونے والے ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز 2024 کے دوران لی گئی تھی۔

یہ تصویر ایک ایسے موقع پر سامنے آئی ہے جب انگلینڈ میں ڈبلیو سی ایل جاری ہے، اور 20 جولائی کو طے شدہ پاکستان-بھارت میچ بھارتی کھلاڑیوں کی ضد کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں