سابق کپتان شاہد خان آفریدی کا کہنا ہے کہ شائقین کرکٹ ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز (ڈبلیو سی ایل) میں پاکستان اور بھارت کے مابین ایک سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے کے منتظر تھے، تاہم یہ میچ چند بھارتی کھلاڑیوں کے انکار کے باعث منسوخ ہو گیا۔
برمنگھم میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ ماضی میں بھی کرکٹ ہی وہ ذریعہ رہا ہے جس سے دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری آئی۔ ان کا کہنا تھا کہ کھیلوں کے ذریعے سفارتی تعلقات قائم کرنا سب سے مؤثر طریقہ ہے، مگر بدقسمتی سے بعض اوقات ایک آدھ منفی سوچ رکھنے والا فرد ساری فضا خراب کر دیتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر کوئی کھلاڑی کہتا ہے کہ وہ پاکستان کے خلاف نہیں کھیلے گا تو بہتر ہے کہ وہ خود پیچھے ہٹ جائے، کیونکہ کرکٹ ایک بڑی اور اہم چیز ہے۔ ہر چیز میں سیاست شامل کرنے سے مسائل حل نہیں ہوتے بلکہ مزید الجھ جاتے ہیں۔
شاہد آفریدی نے زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ یہی بات کرتے آئے ہیں کہ کھیل کو سیاست سے الگ رکھنا چاہیے تاکہ قومیں ترقی کی جانب بڑھ سکیں، کیوں کہ جو ممالک دنیا میں آگے بڑھنا چاہتے ہیں وہ معمولی معاملات میں الجھنے کے بجائے بڑے مقاصد پر توجہ دیتے ہیں۔
بھارتی کھلاڑیوں کو مخاطب کرتے ہوئے آفریدی نے کہا کہ انہیں اپنے ملک کی اچھی نمائندگی کرنی چاہیے، نہ کہ ایسا رویہ اپنانا جس سے شرمندگی ہو۔ اگر پہلے ہی فیصلہ تھا کہ پاکستان کے خلاف نہیں کھیلنا تو صاف انکار کر دیتے، مگر ایسا کرنے کے بجائے ٹیم آئی، پریکٹس سیشنز میں حصہ لیا اور پھر عین وقت پر پیچھے ہٹ گئی۔
شاہد آفریدی نے وضاحت کی کہ ان کی عدم شرکت کا بھارتی کھلاڑیوں کے اعتراضات سے کوئی تعلق نہیں، وہ پہلے ہی انجری کا شکار ہیں اور ڈاکٹروں نے انہیں تین ماہ کے لیے آرام کا مشورہ دیا ہے، جبکہ ٹورنامنٹ صرف دو ہفتے جاری رہنا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ انگلینڈ کے خلاف فتح کے بعد ٹیم پُرجوش تھی اور امید تھی کہ بھارت کے خلاف میچ بھی شاندار ہوگا، خاص طور پر جب کہ 17 سے 18 ہزار شائقین میدان میں آ کر اس میچ سے لطف اندوز ہونا چاہتے تھے۔ مگر یہ سب لوگ مایوس ہو کر واپس لوٹ گئے۔
سابق کپتان نے دعویٰ کیا کہ بھارتی ٹیم کے کچھ کھلاڑی درحقیقت میچ کھیلنے کے خواہشمند تھے، مگر اپنے ساتھی کھلاڑیوں کے فیصلے کی وجہ سے وہ بھی مایوس ہو گئے۔ ہم بھی مکمل تیار تھے اور چاہتے تھے کہ شائقین کو ایک یادگار میچ دیکھنے کو ملے، مگر افسوس کہ ایسا نہ ہو سکا۔
یاد رہے کہ بھارت کے بعض کھلاڑیوں کی جانب سے پاکستان کے خلاف کھیلنے سے انکار کے باعث ڈبلیو سی ایل میں دونوں ٹیموں کے درمیان طے شدہ ٹی ٹوئنٹی مقابلہ منسوخ کر دیا گیا۔ منتظمین کے مطابق شیکھر دھون، عرفان پٹھان اور ہربھجن سنگھ سمیت کئی بھارتی کھلاڑیوں نے حالیہ پاک-بھارت کشیدگی کو بنیاد بناتے ہوئے کھیلنے سے انکار کر دیا۔