آغا خان یونیورسٹی کے ڈاکٹر ذوالفقار اے بھٹہ ورچو پرائز 2025 سے نوازدیا گیا

اسلام آباد ۔ڈاکٹر ذوالفقار اے بھٹہ، آغا خان یونیورسٹی (اے کے یو) کے انسٹیٹیوٹ فار گلوبل ہیلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ کے بانی ڈائریکٹر کو باوقار ورچو پرائز 2025 سے نوازا گیا ہے۔ یہ بین الاقوامی ایوارڈ اُن کی کمیونٹی پر مبنی، شواہد پر مبنی تحقیق کے ذریعے ماں، نوزائیدہ بچوں اور بچوں کی صحت میں برابری کو فروغ دینے میں ان کی انقلابی اور عمر بھر کی قیادت کو تسلیم کرتا ہے۔ ڈاکٹر بھٹہ اس سال کا ایوارڈ جنوبی افریقہ کی پروفیسر قریشہ عبدول کریم کے ساتھ مشترکہ طور پر حاصل کر رہے ہیں۔

ورچو پرائزجو ورچو فاؤنڈیشن کی جانب سے دیا جاتا ہے عالمی صحت میں نمایاں کامیابیوں کو سراہتا ہے جو اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف (SDGs) کے وژن “سب کے لیے صحت” سے ہم آہنگ ہوتی ہیں۔ یہ عالمی صحت کے شعبے کا ایک اعلیٰ ترین اعزاز سمجھا جاتا ہے، جو صحت کے عدم توازن کو ختم کرنے اور ساختی اصلاحات کو فروغ دینے کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے

آزاد ورچو پرائز کمیٹی نے ڈاکٹر بھٹہ کی غیر معمولی، متاثر کن خدمات کو نمایاں کرتے ہوئے کہا کہ ان کی دہائیوں پر محیط پالیسی سازی نے عالمی صحت کے نظام کو یکسر بدل کر رکھ دیا ہے۔ ان کے کام نے اُن طبقات پر روشنی ڈالی ہے جو مرکزی صحت کے نظام اور سائنسی مباحث سے تاریخی طور پر خارج رہے ہیں

ورچو پرائز کمیٹی نے اپنی تفصیل میں کہا”ڈاکٹر بھٹہ کا کام عالمی صحت کے رہنما اصول بنانے اور کم و درمیانی آمدنی والے ممالک میں ماں، بچوں کی صحت اور غذائیت سے متعلق قومی پالیسیوں پر اثر انداز ہونے میں بنیادی کردار ادا کرتا رہا ہے۔ انہوں نے کمیونٹی پر مبنی بنیادی طبی نگہداشت کے ماڈلز، بڑے پیمانے پر بے ترتیب آزمائشوں (رینڈمائزڈ ٹرائلز) اور نازک و پسماندہ علاقوں میں عمل درآمدی تحقیق (امپلیمینٹیشن ریسرچ) کو فروغ دیا ہے۔”

ڈاکٹر بھٹہ نے 1,400 سے زائد سائنسی تحقیقی مقالے شائع کیے ہیں اور وہ ڈبلیو ایچ او، یونیسیف، اور پارٹنرشپ فار میٹرنل، نیونیٹل اینڈ چائلڈ ہیلتھ (PMNCH) جیسے عالمی اداروں میں فعال مشاورتی کردار ادا کرتے رہے ہیں۔ ان کی خدمات سائنسی فضیلت کی بہترین مثال ہیں، جو زندگی بچانے والی پالیسیوں اور منصفانہ صحت کے نظام میں ڈھلتی ہیں۔ ان کے کام نے جنوبی وسطی ایشیا، سب صحارا افریقہ اور مختلف انسانی بحرانوں سے متاثرہ علاقوں میں زچگی اور بچوں کی اموات کم کرنے کی حکمت عملیوں کو نمایاں طور پر آگے بڑھایا ہے۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئے ڈاکٹر بھٹہ نے کہا”یہ ایوارڈ اُن بے شمار ساتھیوں، طلباء اور تربیت پانے والوں کی مسلسل کاوشوں کا اعتراف ہے جنہوں نے دنیا کی خواتین اور بچوں کو متاثر کرنے والے کچھ انتہائی چیلنجنگ مسائل کا مقابلہ کرنے کے لیے انتھک محنت کی، میں ان سب کا بے حد شکر گزار ہوں کہ وہ اس مسلسل سفر کا حصہ بنے۔”

یہ اعتراف آغا خان یونیورسٹی کے لیے ایک عظیم سنگِ میل ہے اور پاکستان کے لیے بے پناہ فخر کا باعث ہے۔ یہ اے کے یو کی مؤثر اور عالمی سطح پر قابلِ قدر تحقیق کے عزم اور ترقی پذیر دنیا میں صحت کے اہم مسائل کے حل میں اس کے کردار کو اجاگر کرتا ہے۔

ڈاکٹر سلیمان شہاب الدین، صدر اے کے یو نے کہا” بطور صدر آغا خان یونیورسٹی، ڈاکٹر بھٹہ کو ورچو پرائز 2025 حاصل کرنے پر مبارکباد دینا میرے لیے ذاتی طور پر ایک اعزاز ہے اور یہ ایوارڈ نہایت بامعنی اور بجا طور پر اُن کا حق ہے،یہ میرے اور یونیورسٹی دونوں کے لیے بے حد فخر کا لمحہ ہے کہ وہ ہماری علمی برادری کا حصہ ہیں۔ محروم طبقات میں ماں، نوزائیدہ اور بچوں کی صحت بہتر بنانے کے لیے اُن کی زندگی بھر کی لگن ہماری یونیورسٹی کے مشن کے عین مطابق ہے اور یہ عالمی سطح پر صحت میں برابری کے فروغ اور پائیدار تبدیلی کے لیے اے کے یو کے عزم کی بھرپور توثیق ہے۔”

اپنا تبصرہ لکھیں