سپر مین نے باکس آفس پر دھوم مچا دی، اوپننگ میں 123 ملین ڈالر کا بزنس

لاس اینجلس ۔یہ پرندہ ہے، یہ ہوائی جہاز ہے… نہیں، یہ تو باکس آفس کا سپر ہٹ ہے!” جی ہاں، جیمز گن کی ہدایت کاری میں بننے والی نئی ’سپر مین‘ فلم نے ریلیز کے ابتدائی ہفتے میں زبردست کامیابی حاصل کی، اور 123 ملین ڈالر کی شاندار اوپننگ کے ساتھ مداحوں اور ناقدین کو حیران کر دیا۔

وارنر برادرز کی رپورٹ کے مطابق فلم نے صرف ہفتہ کو 37.7 ملین ڈالر کمائے، جبکہ اتوار کو 28.2 ملین ڈالر کا تخمینہ ہے، مگر آزاد تجزیہ کاروں کے مطابق یہ رقم 30 ملین ڈالر تک جا سکتی ہے۔ اس طرح فلم کی مجموعی اوپننگ آمدنی کا اندازہ 123 ملین ڈالر لگایا جا رہا ہے۔

یہ وارنر برادرز کے لیے سال کی دوسری بڑی اوپننگ ہے۔ اس سے قبل “مائن کرافٹ مووی” نے 162 ملین ڈالر کے ساتھ سب کو حیران کیا تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس وقت وارنر برادرز کے پاس سال کی نمبر 1 اور نمبر 3 سب سے بڑی اوپننگز موجود ہیں۔

نئی ’سپر مین‘ نہ صرف ڈی سی اسٹوڈیوز کے لیے اہم سنگ میل ہے بلکہ اس نے پیٹر سفراں (ڈی سی اسٹوڈیوز کے شریک سربراہ) کے کیریئر کی سب سے بڑی اوپننگ بھی کی، جو اس سے قبل ’آکوا مین‘ کے ساتھ 67.8 ملین ڈالر پر تھی۔

یہ فلم ’بیٹ مین وی سپر مین‘ کے بعد کسی سپر مین فلم کی دوسری سب سے بڑی اوپننگ ہے، اور ’مین آف اسٹیل‘ کے مقابلے میں بھی بہتر کارکردگی دکھائی، جس کی تین روزہ اوپننگ آمدنی 116.6 ملین ڈالر تھی۔

جیمز گن کے لیے یہ ایک بڑا امتحان تھا۔ ڈی سی اسٹوڈیوز نے ان پر اپنا پورا داؤ لگایا، اور اگر فلم ناکام ہوتی تو اس کا اثر پورے سنیماٹک یونیورس پر پڑتا۔ لیکن گن نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ وہ نہ صرف کامیاب ہدایت کار ہیں بلکہ تجارتی اور تخلیقی توازن کو بخوبی سنبھال سکتے ہیں۔

پہلے ٹریلر پر کی گئی تنقید کے باوجود، وارنر برادرز نے اعتماد سے آگے بڑھتے ہوئے ایک منظم اور جذباتی مہم چلائی جس نے شائقین کو متاثر کیا۔ ٹریلرز میں ڈائیلاگ کے بجائے فیلنگ اور انداز پر زور دیا گیا، اور آہستہ آہستہ فلم کے لیے دلچسپی پیدا کی گئی۔

ڈی سی یونیورس کے لیے یہ فلم ایک نئی شروعات ہے۔ وارنر برادرز کے اعلیٰ حکام نے اسے صرف ایک فلم نہیں بلکہ ایک نئے دور کی پہلی اینٹ قرار دیا ہے۔

’سپر مین‘ کی شاندار اوپننگ نہ صرف مداحوں کے لیے خوش خبری ہے بلکہ یہ ہالی ووڈ کے لیے بھی ایک اشارہ ہے کہ اچھی کہانی، تخلیقی ویژن اور مضبوط مہم سے باکس آفس پر جادو کیا جا سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں