اداکار و میزبان احمد علی بٹ کو اس وقت سے سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا ہے جب سے انہوں نے مرحومہ ماڈل و اداکارہ حمیرا اصغر کا پرانا انٹرویو اپنے یوٹیوب چینل پر دوبارہ اپ لوڈ کیا۔
ماڈل و اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش 8 جولائی کو کراچی کے علاقے ڈی ایچ اے کے ایک کرائے کے فلیٹ سے ملی تھی، جہاں وہ 2018 سے تنہا رہائش پذیر تھیں، پولیس اور ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق، اداکارہ کی لاش تقریباً 10 ماہ پرانی تھی۔
اداکارہ کی تنہا موت کی خبر نے عوام کو افسوس میں مبتلا کر دیا ہے اور سوشل، ڈیجیٹل و الیکٹرانک میڈیا پر ان کے پرانے انٹرویوز، پوڈکاسٹ اور ویڈیوز بڑے پیمانے پر دوبارہ شیئر کی جانے لگی ہیں۔
اداکار و میزبان احمد علی بٹ نے بھی حمیرا اصغر کا گیارہ ماہ پرانا پوڈکاسٹ دوبارہ اپنے یوٹیوب چینل پر پوسٹ کیا، جسے حالیہ اپ لوڈ میں تقریباً دو لاکھ ویوز ملے۔
تاہم، اس عمل پر احمد علی بٹ کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا ہے۔
صارفین کا خیال ہے کہ احمد علی بٹ نے ذاتی مفاد کے لیے اس انٹرویو کو دوبارہ شیئر کیا اور انہیں حمیرا سے ہمدردی نہیں ہے۔