پشاور۔وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ارکان پارلیمنٹ کا قافلہ اسلام آباد سے لاہور کی جانب رواں دواں ہے۔
لاہور روانگی سے قبل وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ قافلہ پنجاب اسمبلی سے نکالے گئے نمائندوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ہے، جو یہ سمجھتے ہیں کہ ہم کوئی احتجاج کے لیے جارہے ہیں، وہ جان لیں یہ محض اظہارِیکجہتی ہے۔
لاہور روانگی سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی خیبر پختونخوا ہاؤس میں جمع ہوئے، اجلاس میں پارٹی قیادت، قومی اسبلی، خیبرپختونخوا اور پنجاب اسمبلی کے ارکین نے شرکت کی۔
اجلاس میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان اورسیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے واضح کیا کہ لاہور صرف بات چیت کے لیے جا رہے ہیں، کوئی غیرآئینی سرگرمی ہمارا مقصد نہیں ، گرفتاریوں کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔
وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپورنے بیان میں کہا کہ قافلہ پنجاب اسمبلی سے نکالے گئے نمائندوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ہے، صرف امن، محبت، بھائی چارے اور رواداری کا پیغام لے کر جا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جو کوئی یہ سمجھتا ہے کہ کوئی احتجاج ہے، وہ یہ جان لے کہ یہ محض اظہارِ یکجہتی ہے، ہمارا مقصد انتشار نہیں، بلکہ جمہوری اقدار کا تحفظ ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی زیرصدارت قافلہ لاہور میں مختلف ملاقاتیں کرے گا، جس میں آئندہ کی سیاسی حکمت عملی اورسینیٹ انتخابات سے متعلق امور زیر بحث آئیں گے۔