فنکاروں کے حالات اور ذہنی صحت سے باخبر رہنے کیلئے واٹس ایپ گروپ بنایا گیا ہے، طوبیٰ انور

لاہور۔اداکارہ طوبیٰ انور نے انکشاف کیا ہے کہ شوبز سے وابستہ خواتین فنکاروں نے ایک واٹس ایپ گروپ بنایا ہے، جس کا مقصد ایک دوسرے کی ذہنی کیفیت سے باخبر رہنا اور باہمی رابطے کے ذریعے معاونت فراہم کرنا ہے۔

ایک انٹرویو کے دوران طوبیٰ انور کا کہنا تھا کہ یہ گروپ کچھ اداکاراؤں کے باہمی مشورے سے تشکیل دیا گیا ہے تاکہ وہ ایک دوسرے کی خیریت دریافت کر سکیں اور ضرورت کے وقت جذباتی سہارا فراہم کیا جا سکے۔

ان کے مطابق یہ قدم اداکارہ حمیرہ علی کی اچانک اور افسوسناک موت کے بعد اُٹھایا گیا، جو مبینہ طور پر تنہائی اور عدم تعاون کا شکار تھیں۔ طوبیٰ کا کہنا ہے کہ انڈسٹری میں کئی اداکارائیں اپنے آبائی شہروں سے دور، تنہا زندگی گزار رہی ہیں اور وہ اس گروپ کا حصہ بن رہی ہیں تاکہ کسی کو اکیلا محسوس نہ ہو۔ حمیرہ کی موت نے اس بات کو اجاگر کیا کہ شوبز میں ذہنی صحت اور اجتماعی تعاون کس قدر ضروری ہے۔

طوبیٰ انور نے مزید کہا کہ اس گروپ کا مقصد صرف خیالات کا تبادلہ نہیں بلکہ ایک دوسرے کا ساتھ دینا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی کئی قریبی ساتھی اداکارائیں بھی دوسرے شہروں سے کام کے لیے آئی ہوئی ہیں اور حمیرہ کے انتقال نے ان سب کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔

یہ بات بھی اہم ہے کہ شوبز کی دنیا میں مقابلے کا رجحان، دباؤ اور تنہائی جیسے مسائل عام ہیں، جن سے نمٹنے کے لیے ایسے اقدامات کو قابلِ تحسین اور وقت کی ضرورت قرار دیا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں