مطیع اللہ جان اور اسد طور کے یوٹیوب چینل کی بندش کا حکم معطل

اسلام آباد ۔اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے 2 یوٹیوب چینلز کی حد تک بندش کا حکم معطل کرتے ہوئے نیشنل کرائم ایجنسی کو 21 جولائی کے لیے نوٹس جاری کردیئے ۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج افضل مجوکہ نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے دو صحافیوں مطیع اللہ جان اور اسد طور کی حد تک یوٹیوب چینلز کی بندش کا حکم معطل کردیا۔

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے ریاست مخالف مواد نشر کرنے پر ستائیس یوٹیوب چینلز کو بلاک کرنے کا حکم جاری کیا تھا، ان میں صحافی مطیع اللہ جان اور اسد طور کے یوٹیوب چینلز بھی شامل تھے۔

ایف آئی اے کی درخواست پر جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ نے فیصلہ دیا تھا۔ عدالت کی جانب سے دو صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ میں یوٹیوب کے متعلقہ آفیسر انچارج کو ان چینلز کو فوری بلاک کرنے ہدایت کی گئی تھی۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج افضل مجوکہ نے اسد طور اور مطیع اللہ جان کی اپیل کی منظوری کا تحریری حکم نامہ بھی جاری کردیا ہے۔

عدالت نے مطیع اللہ جان اور اسد طور کے یوٹیوب چینلز بلاک کرنے کا مجسٹریٹ کا حکم معطل کرتے ہوئے نیشنل کرائم ایجنسی کو 21 جولائی کے لیے نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں