ہوم ایپلائنس کی بڑی کمپنیوں کے خلاف کمپٹیشن کمیشن کا فیصلہ برقرار

اسلام آباد، 10 جولائی: کمپٹیشن ایپلیٹ ٹربیونل نے ہوم ایپلائنسس بنانے والی معروف کمپنیوں کے خلاف کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے ، کمپنیوں کو، 9 کروڑ روپے جرمانے کی رقم 30 دن کے اندر قومی خزانے میں جمع کرانے کی ہدایت دی ہے ۔ ٹربیونل نے اپنے فیصلے میں اس بات کی توثیق کی کمپنیوں نے اپنے ڈسٹری بیوٹرز پر ری سیل پرائس مینٹیننس یعنی صارفین کو فروخت کی قیمت کو فکس کر کے اور اس حوالے سے ڈسٹری بیوٹرز پر شرائط عائد کر کے کمپٹیشن کے قانون کی خلاف ورزی کی۔

کمپٹیشن کمیشن نے دو بڑی کمپنیوں پر اپنے ڈیلرز کو متعین قیمت سے کم پر مصنوعات فروخت کرنے، صارف کو اپنے منافع میں سے رعایت دینے یا پیکج آفرز دینے سے روکا، اور ڈیلرز پر سخت شرائب بھی عائد کیں، جس پر کمیشن نے ان کمپنیوں پر بھاری جرمانے عائے کئے تھے۔
ٹربیونل میں اپنے دفاع میں، کمپنیوں نے قانون کی خلاف ورزی کئے جانے کو چیلنج نہیں کیا، بلکہ موقف اختیار کیا کہ کمیشن کی طرف سے عائد کردہ جرمانے کی رقم بہت زیادہ ہے۔ ٹربیونل نے نوٹ کیا کہ اپیل کنندگان نے قیمتوں کے تعین کی پالیسی کے تحت ڈیلرز پر عائد کردہ رقوم انہیں واپس کر کے تلافی کی کوشش کی ہے اور آئندہ قانون کی مکمل پابندی کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔

کمپنیوں کے اس تعاون پر مبنی رویے اور متاثرہ فریقین کو ادائیگی کو مدِنظر رکھتے ہوئے، ٹربیونل نے دونوں کمپنیوں پر عائد جرمانوں میں کمی کا فیصلہ کیا۔ ٹربیونل نے جرمانے کی رقم جمجوعی طور پر 9 کروڑ روپے کر دی ہے۔ ٹربیونل نے یہ بھی نوٹ کیا کہ کمپنیاں آئندہ قانون کے مطابق کاروباری عمل اپنانے کی پابند ہیں۔

کمپٹیشن کمیشن تمام کاروباری کمپنیوں کو تاکید کرتا ہے کہ وہ قیمتوں کو فکس کرنے کی کسی بھی قسم کی پالیسی، بشمول کم سے کم یا زیادہ سے زیادہ قیمت کا تعین، یا رعایتوں اور پروموشنل آفرز پر پابندی سے گریز کریں، کیونکہ ایسی تمام پالیسیاں کمپٹیشن کے قانون کی سنگین خلاف ورزی کے زمرے میں آتی ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں