پاک فضائیہ کے دستے کی رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو 2025ء میں شرکت کیلیے برطانیہ آمد

لندن۔پاکستان ایئر فورس کا دستہ رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو 2025 میں شرکت کے لیے برطانیہ پہنچ گیا ہے۔پاک فضائیہ کا دستہ، جس میں جدید جے ایف-17 تھنڈر بلاک تھری اور سی-130 ہرکولیس ٹرانسپورٹ طیارے شامل ہیں، رائل ایئر فورس بیس فیئرفورڈ پر منعقد ہونے والے عالمی شہرت یافتہ ایئر شو میں شرکت کے لیے برطانیہ پہنچا ہے۔

دنیا کے سب سے بڑے عسکری ایئر شوز میں سے ایک، رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو میں پاک فضائیہ کی شرکت نہ صرف اس کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور آپریشنل مہارت کا مظہر ہے بلکہ یہ ملکی ہوا بازی کے شعبے میں خود انحصاری کی علامت بھی ہے۔

برطانیہ پہنچنے سے قبل جے ایف-17 تھنڈر بلاک تھری طیاروں نے پاکستان ایئر فورس کے آئی ایل-78 ٹینکر کی مدد سے دوران پرواز ایندھن بھرنے کا کامیاب آپریشن مکمل کیا۔ یہ پیچیدہ فضائی مشق پاک فضائیہ کی طویل فاصلے تک مؤثر کارروائی کی صلاحیتوں اور اپنے فضائی و زمینی عملے کی ہم آہنگی کا عملی ثبوت ہے۔

جے ایف-17 تھنڈر بلاک تھری ایک جدید 4.5 جنریشن ملٹی رول جنگی طیارہ ہے، جو جدید ریڈار اور لانگ رینج بی وی آر میزائلوں سے لیس ہے۔ یہ طیارہ موجودہ دور کے دفاعی تقاضوں کو پورا کرنے، فضائی برتری قائم رکھنے اور مختلف عسکری مشنز کو مؤثر طریقے سے سرانجام دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

حالیہ پاک-بھارت کشیدگی کے دوران اپنی کارکردگی کے باعث جے ایف-17 تھنڈر عالمی سطح پر توجہ حاصل کر چکا ہے۔ دفاعی تجزیہ کار اور ہوابازی کے شائقین اس بار برطانیہ میں اس کی شرکت کے شدت سے منتظر تھے۔

رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو کی سالانہ تھیم کے تحت پاک فضائیہ کے سی-130 ہرکولیس ٹرانسپورٹ طیارے کو “Eyes in the Sky” تھیم سے ہم آہنگ ایک خصوصی لایوری (رنگ و آرائش) سے آراستہ کیا گیا ہے، جو نہ صرف تخلیقی مہارت کا مظہر ہے بلکہ تقریب میں موجود عالمی ماہرین اور مبصرین کی توجہ کا مرکز بھی بنے گا۔

اس بین الاقوامی ایئر شو میں شرکت کا مقصد دنیا بھر کی فضائی افواج کے ساتھ تجربات کا تبادلہ اور ہوا بازی کے شعبے میں تکنیکی ترقی کے پہلوؤں پر اشتراک ہے۔

رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو 2025 میں اپنی موجودگی سے پاکستان ایئر فورس عالمی سطح پر ایک جدید، مؤثر اور امن دوست فضائی قوت کے طور پر اپنا کردار نمایاں کرے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں