مری: جی پی او چوک مری میں دو گروپوں کے درمیان ہونے والی شدید لڑائی نے مال روڈ کو میدان جنگ میں تبدیل کر دیا، دونوں جانب سے اندھا دھند فائرنگ اور پتھراؤ کے باعث علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا، جس کے نتیجے میں کئی افراد زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق تنازع شدت اختیار کر گیا جب دونوں گروہوں نے ایک دوسرے پر سرِعام فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ اور جھڑپوں کے باعث مال روڈ پر بھگدڑ مچ گئی، جبکہ موقع پر موجود سیاح خصوصاً خواتین اور بچے محفوظ مقامات کی طرف دوڑنے لگے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ جھڑپ کے دوران متعدد گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور کئی دکان داروں نے اپنی دکانیں بند کر کے خود کو محفوظ کر لیا۔
پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر حالات کو قابو میں لانے کی کوشش کی، تاہم کشیدہ ماحول بدستور قائم ہے، جس کے باعث شہریوں اور سیاحوں میں بے چینی پائی جا رہی ہے۔
واقعے کے بعد مقامی افراد اور سیاحوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں سیکیورٹی کے مؤثر اور مستقل انتظامات کیے جائیں تاکہ ایسے واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔