اسلام آباد ۔امریکی فضائیہ نے حالیہ دنوں میں اسپیس ایکس کے ساتھ جاری مشترکہ راکٹ کارگو منصوبے کو وقتی طور پر روک دیا ہے۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ فیصلہ ماحولیاتی تحفظ سے متعلق خدشات کی بنا پر کیا گیا، بالخصوص جانسٹن ایٹول پر موجود نایاب اور حساس پرندوں کی آبادی کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے۔
منصوبے کے تحت جانسٹن ایٹول میں ہائپرسونک راکٹ کے ذریعے اشیاء کی ترسیل کا تجربہ کیا جانا تھا، جس میں یہ راکٹ 100 ٹن تک کا سامان انتہائی تیز رفتاری سے، محض 90 منٹ میں مطلوبہ مقام تک پہنچانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جو ایمرجنسی لاجسٹک کی فراہمی کے لیے ایک انقلابی قدم تصور کیا جا رہا تھا۔
یہ جزیرہ، جو محض ایک مربع میل پر پھیلا ہوا ہے، کم از کم 14 اقسام کے پرندوں کی افزائش نسل کا قدرتی مرکز ہے اور ماہرین حیاتیات کے مطابق یہاں راکٹ لانچ کے دوران پیدا ہونے والا شور، ارتعاش اور تعمیراتی سرگرمیاں ان پرندوں کی نیسٹنگ پر منفی اثر ڈال سکتی ہیں۔
قبل ازیں امریکی فضائیہ نے ماحولیاتی اثرات کا جائزہ لینے کا اعلان تو کیا تھا، مگر اس کا ابتدائی مسودہ منظرعام پر نہیں لایا جا سکا کیونکہ ماحول دوست تنظیموں نے اس منصوبے پر سخت اعتراض کیا۔ ایک پٹیشن، جس پر 3,800 سے زائد افراد نے دستخط کیے، نے بھی اس منصوبے کی عارضی معطلی میں نمایاں کردار ادا کیا۔
فضائیہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اب منصوبے کے لیے ایسے متبادل مقامات کی تلاش جاری ہے جہاں ماحولیاتی اثرات نہ ہونے کے برابر ہوں۔ منصوبے کو صرف اسی صورت میں دوبارہ شروع کیا جائے گا جب نیا مقام طے ہو جائے گا اور تمام ماحولیاتی تقاضے مکمل کر لیے جائیں گے۔